کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا ہے کہ ایماندار اور محنتی ملازمین گلبرگ ٹاؤن کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے واجبات کی بروقت اور مکمل ادائیگی ہماری ذمہ داری ہے۔ ملازمین نے اپنی زندگی کا قیمتی وقت ادارے کی خدمت میں صرف کیا، اس لیے ان کے حقوق کی ادائیگی میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں انہوں نے ریٹائرڈ ملازمین اور مرحوم ملازمین کے ورثاء میں مجموعی طور پر 75 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے چیکس تقسیم کیے۔ تقریب میں میونسپل کمشنر حمیر احمد، سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، بجٹ آفیسر وسیم احمد، اکاؤنٹ آفیسر محسن اور دیگر محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین اور مرحوم ملازمین کے ورثاء میں واجبات کی ادائیگیاں ان کی طویل، دیانتدارانہ اور محنتی خدمات کا اعتراف ہیں۔ منتخب بلدیاتی قیادت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کو ان کے تمام واجبات بروقت اور مکمل طور پر فراہم کیے جائیں تاکہ انہیں مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن کے ملازمین ادارے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف کا تقاضا ہے کہ انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد بھی عزت و احترام دیا جائے اور ان کے جائز حقوق اور واجبات کی ادائیگی کو ترجیح دی جائے۔نصرت اللہ نے مزید کہا کہ واجبات کی بروقت ادائیگی تمام متعلقہ محکموں کی مؤثر کارکردگی، میونسپل کمشنر حمیر احمد کی خصوصی کاوشوں اور محکمہ فنانس کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بالخصوص بجٹ آفیسر وسیم احمد اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کوششوں کے باعث یہ ادائیگیاں بروقت ممکن ہوئیں۔اس موقع پر میونسپل کمشنر حمیر احمد نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی امیدیں لیو انکیشمنٹ، پنشن اور دیگر واجبات سے وابستہ ہوتی ہیں، اس لیے ٹاؤن انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ ان کے واجبات جلد از جلد ادا کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے جائز حقوق کی ادائیگی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔















