کراچی (اسٹاف رپورٹر) پوش علاقے کلفٹن باتھ آئی لینڈ میں ڈی آئی جی ہاؤس کے قریب مسلح لٹیروں نے دندناتے ہوئے واردات کی ہے۔ سامنے آنے والی فوٹیج میں موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ملزمان کو صاف دیکھا جا سکتاہے۔ ملزمان نے اس دوران راہ چلتے شہریوں اور سڑک پر کھڑی موٹر سائیکل پر بیٹھے افراد کو اپنا نشانہ بنایا۔ ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر شہریوں کو یرغمال بنایا اور ان سے قیمتی موبائل فونز اور دیگر سامان چھین لیا۔ شہریوں کو خوف زدہ کرنے کے بعد ملزمان باآسانی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے متاثرہ شہریوں کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔















