یاسین ملک کیلیے حکومت عالمی سطح پر بھرپور آواز اٹھائے، موتی والا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کے معاملے پر حکومت پاکستان کو خاموش نہیں بیٹھنا چاہیے بلکہ عالمی سطح پر بھرپور اور مؤثر سفارتی کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی طویل قید، عدالتی کارروائی اور تازہ موقف پوری دنیا کے سامنے ہے۔ حکومت پاکستان کو اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور عالمی برادری کے سامنے یہ معاملہ مؤثر انداز میں اٹھانا چاہیے۔ ایاز میمن موتی والا نے مشعال ملک کی ثابت قدمی اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک بیوی اور ماں کی حیثیت سے انہوں نے جس ہمت کے ساتھ یاسین ملک اور کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی بہادری اور قربانیوں کو سلام جبکہ بھارت کا دوہرا معیار دنیا کے سامنے عیاں ہے۔ اگر انسانی حقوق کا عالمی نظام واقعی سب کے لیے یکساں ہے تو کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور یاسین ملک کے معاملے پر بھی عالمی اداروں کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کا مسئلہ طاقت سے نہیں بلکہ انصاف، مذاکرات اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

مزید خبریں

Scroll to Top