نوجوان نسل کو سیرت رسول ؐ سے روشناس کرانا ناگزیر ہے‘طارق شمیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماہر تعلیم سید طارق شمیم نے کہا ہے کہ عید میلادالنبی ؐ کی تقریبات کا مقصد طلبہ میں دینی شعور اور عشقِ رسول ؐ کو فروغ دینا ہے۔ عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر یہ پُروقار تقریب ڈاکٹر عبدالقدیر خان اسکول، گلشن اقبال کراچی میں منعقد ہوئی۔ محفل میں اساتذہ، طالبات اور علاقے کی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد طالبات نے حضور نبی کریم ؐ کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے خوبصورت نعتیں پیش کیں۔ اساتذہ کرام نے سیرت طیبہ ؐ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ آپ ؐ کی تعلیمات امن، محبت، برداشت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔ اس موقع پر سید طارق شمیم نے کہا کہ سیرت نبویؐ پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں بہتری لا سکتے ہیں۔ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو سیرت رسول ؐ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محفل کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اسکول انتظامیہ کی طرف سے اسکول کے روح رواں اور نامور ماہر تعلیم سید طارق شمیم نے تمام مہمان خواتین، اساتذہ اور طالبات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا مقصد طلبہ میں دینی شعور اور عشق رسول ؐ کو فروغ دینا ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top