فائر سیفٹی انتظامات نہ ہونے پر آئی آئی چندریگر روڈ کی دو کمرشل عمارتیں سیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی کے احکامات پر شہر میں فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ کا سلسلہ جاری ہے۔ فائر سیفٹی کے مطلوبہ انتظامات نہ ہونے پر آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع دو کمرشل عمارتوں لاکھانی سینٹر اور اعظم چیمبر کو سیل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ کے مطابق مذکورہ عمارتیں آئی آئی چندریگر روڈ پر قائم ہیں جبکہ لاکھانی سینٹر اور اعظم چیمبر میں فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ حاظم بھنگوار کے مطابق ایک سات منزلہ کمرشل عمارت کو فائر سیفٹی انتظامات کی عدم موجودگی کے باعث سیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آرام باغ میں عمارت مالکان اور متعلقہ یونینز کو فائر سیفٹی کے انتظامات فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فائر سیفٹی ضوابط پر مسلسل عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حاظم بھنگوار کے مطابق کراچی بھر میں فائر سیفٹی معائنوں کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے جبکہ کمرشل عمارتوں میں فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی ایگزٹس اور ہنگامی انخلا کے انتظامات کی جانچ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی کے ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں

Scroll to Top