بلدیہ میں زیرِ زمین بجلی کی تار کاٹنے سے ایک شخص جاںبحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زیرِ زمین بجلی کی تار کاٹنے کے دوران کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ نمبر 8 کے علاقے سعید آباد میں پولیس چوکی کے قریب زیرِ زمین بجلی کی تار کاٹنے کے دوران ایک شخص کو کرنٹ لگ گیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 35 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ رات کے کسی پہر پیش آیا تاہم گاڑی کی شناخت نہ ہوسکی۔ متوفی کی لاش ناقابل شناخت تھی اور اس کے پاس سے شناخت سے متعلق کوئی دستاویز یا دیگر چیز بھی برآمد نہیں ہوئی۔ دوسرا حادثہ شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے قائد آباد میں شاہراہِ پاکستان پر نجی ادویات ساز کمپنی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک راہ گیر جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 70 سالہ گل دراز خان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی کی شناخت 60 سالہ عالم شاہ ولد اجمیر شاہ کے نام سے کی گئی۔ دونوں قائد آباد کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی لاش ضروری قانونی کارروائی کے لیے رکھ دی گئی جبکہ زخمی کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

مزید خبریں

Scroll to Top