ڈیفنس تشدد کیس میں ایس ایس پی فدا جانوری کو کلین چِٹ مل گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس تشدد کیس میں ایس ایس پی فداجانوری کو کلین چِٹ مل گئی اور سارا ملبہ اہلکار تیمور پر ڈال دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فلیٹ پر دھاوے اور بھائی بہن پر تشدد کے ہائی پروفائل کیس میں ڈی آئی جی ساؤتھ کی انکوائری رپورٹ سامنے آگئی ہے جس میں ایس ایس پی فدا حسین جانوری کو مکمل کلین چٹ دے دی گئی ہے۔ انکوائری رپورٹ میں واقعے کا تمام تر ملبہ پولیس اہلکار تیمور پر ڈال دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس اہلکار تیمور نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ضلع کورنگی کے اہلکاروں کو فلیٹ پر بلایا اور دھاوا بولا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ایس ایس پی فدا حسین جانوری نے پولیس اہلکاروں کو بھیجنے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا تھا۔ وڈیو میں سی سی ٹی وی کیمرہ توڑنے والا سادہ لباس شخص پولیس اہلکار ہی تھا جس نے ایس ایس پی کی رشتہ دار خاتون کے اکسانے پر کیمرہ توڑا۔ رپورٹ میں ایس ایچ او درخشاں اور تفتیشی افسر کو بھی غفلت کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ متاثرہ فیملی کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں ڈکیتی سمیت دیگر سخت دفعات کو جھوٹا قرار دے دیا گیا ہے تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ فیملی چاہے تو نیا مقدمہ درج کرا سکتی ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top