دہلی گورنمنٹ بوائز اسکول کے 8 سو طلبہ5 دن سے تعلیم سے محروم ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دہلی گورنمنٹ بوائز اسکول کے آٹھ سو سے زائد طلبہ پانچ دن سے تعلیم سے محروم ہیں اور اسکول کے باہر احتجاج ریکارڈ کرارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں دہلی گورنمنٹ بوائز اسکول کے 800 سے زائد طلبہ پانچ روز سے تعلیمی سرگرمیوں سے محروم ہیں۔ اسکول کی بندش کے خلاف طلبہ، والدین اور اساتذہ نے اسکول کے باہر سڑک پر اسمبلی لگا کر احتجاج کیا۔ طلبہ بڑی تعداد میں اسکول کے باہر جمع ہوئے اور سڑک بند کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر اساتذہ اور والدین بھی طلبہ کے ساتھ موجود رہے۔ دوسری جانب دہلی گورنمنٹ گرلز اسکول ایک روز کی بندش کے بعد منگل سے دوبارہ کھول دیا گیا ہے تاہم بوائز اسکول تاحال بند ہونے کے باعث طلبہ کا تعلیمی سلسلہ مکمل طور پر معطل ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ وہ اور طلبہ صبح ساڑھے 7 بجے سے اسکول کے باہر موجود ہیں تاہم اسکول کے پرنسپل علی خان میر جت تاحال وہاں نہیں پہنچے۔ اساتذہ نے شکوہ کیا کہ پرنسپل کو اسکول کے معاملات سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ اور اساتذہ آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے پرنسپل کے منتظر ہیں کہ سڑک پر تدریس کا سلسلہ جاری رکھنا ہے یا اسکول کے اندر داخل ہونا ہے؟ اسکول کی مسلسل بندش کے باعث سیکڑوں طلبہ کی تعلیم متاثر ہورہی ہے جبکہ والدین اور اساتذہ نے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top