متحدہ ڈھکوسلوں اور ڈراما بازی کی سیاست کر رہی ہے، سندھ حکومت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت گنہور خان اسران نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ڈھکوسلوں اور ڈراما بازی کی سیاست کر رہی ہے، سندھ کی وحدت کے معاملے پر قرارداد پیش ہونے سے پہلے ہی ایم کیو ایم ایوان سے بھاگ گئی۔ اپنے بیان میں گنہور خان اسران نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی خفت مٹانے کے لیے بے بنیاد الزامات اور جھوٹے دعووں کا سہارا لے رہی ہے۔ علی خورشیدی بتائیں کہ تاریخی قرارداد کے وقت ایم کیو ایم ایوان میں کھڑے ہوکر اپنا مؤقف پیش کرنے کے بجائے فرار کیوں اختیار کر گئی؟ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام جاننا چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم نے سندھ کی وحدت کے معاملے پر ایوان کا سامنا کیوں نہیں کیا۔ محض نعرے لگانے اور سیاسی ڈھکوسلے کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوتے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کی سالمیت، آئین کی بالادستی اور سندھ کی وحدت کا دفاع کیا ہے، اس معاملے پر پیپلز پارٹی کو کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ گنہور خان اسران نے اسپیکر سندھ اسمبلی کے آئینی منصب کو متنازع بنانے کی کوشش کو بھی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے علی خورشیدی کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی بیان بازی کے بجائے پارلیمانی روایات کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی الزام تراشی اور ڈھکوسلوں کی سیاست سندھ کے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔

مزید خبریں

Scroll to Top