کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ ختم نبوت ﷺ کا تحفظ ہمارے ایمان کا بنیادی تقاضا اور پاکستان کی نظریاتی اساس کا اہم حصہ ہے، اس کے تحفظ کے لیے پوری قوم بیدار، متحد اور یکسو ہے۔ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ 1965ء کے جذبہ ایمانی، قومی اتحاد اور ملی یکجہتی کو اپنا شعار بناتے ہوئے ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا۔ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر جان لیں کہ قوم اپنی سرزمین، نظریاتی تشخص اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے متحد ہے۔ دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ ریاستی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور قانون کے مطابق دہشت گرد عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے تاکہ ملک میں امن و امان کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔ پاکستان سنی تحریک اپنے حقیقی فکری، نظریاتی اور دعوتی تشخص پر گامزن ہے اور اسلام، پاکستان، ختم نبوت ﷺ اور ناموس رسالتﷺ کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔















