جیکب آباد(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 27 ستمبر لانگ مارچ کے حوالے سے جمعے کو شکارپور، شہدادکوٹ، لاڑکانہ اور نوشہرہ فیروز میں اسٹریٹ موومنٹ ریلی کی قیادت کی، اپنے خطابات میں انہوں نے کہا کہ ان ریلیوں کا عوام کی جانب سے بھرپور اور والہانہ استقبال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اندرون سندھ کے عوام عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اندرون سندھ اسٹریٹ موومنٹ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کئی دہائیوں سے یہ جھوٹا اور غلط بیانیہ مسلط کیا جاتا رہا کہ اندرون سندھ میں صرف ایک سیاسی جماعت کا راج ہے لیکن آج سندھ کے عوام نے اپنی طاقت، اپنی سیاسی وابستگی اور اپنا فیصلہ خود دنیا کے سامنے رکھ دیا ہے، عوام نے آج ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان کے ساتھ ان کی محبت اور وابستگی بے مثال ہے۔ سندھ کے عوام کا یہ غیر معمولی جوش و جذبہ 27 ستمبر کی فیصلہ کن سیاسی جدوجہد کے لیے ہماری اصل طاقت ہے۔ شکارپور سے اٹھنے والی عوامی آواز پورے سندھ اور پورے پاکستان تک پہنچنی چاہیے۔















