اسلام آباد (صباح نیوز) رواں مالی سال2026-27ء کے تیسرے ماہ (ستمبر2026ء) کے پہلے ہفتے مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں اضافہ ہوگیا ہے۔ حالیہ ہفتے پھر ملک میں مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں 0.65 فیصد اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار 8.32 فیصد رہی ہے۔ حالیہ ایک ہفتے میں میں 17اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 7 اشیا سستی اور 27 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے چکن 0.85، پیاز 26.30فیصد مہنگے ہوگئے جبکہ آلوکی قیمت میں0.96 فیصد، لہسن کی قیمت میں0.18 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 0.13 فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 0.67 فیصد،پیٹرول کی قیمت میں 0.90فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 0.09فیصد، آٹے کی قیمت میں0.88 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 0.18 فیصد، گڑ کی قیمت میں0.05 فیصد جبکہ انڈوں کی قیمتوں میں 0.11 فیصد،دال چنے کی قیمت میں0.6 فیصد، دال مونگ کی قیمت میں 0.69 فیصد اور کیلے کی قیمت میں 2.54 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔















