راولپنڈی / اسلام آباد( نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اضلاع مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کامیاب آپریشنز کیے، جن کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج کے 4 اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر 26 خوارجیوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ مستونگ میں آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ 6 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم موقع پر ہی تباہ کر دیے گئے۔ علاوہ ازیں قلات اور سبی کے علاقے بھاگ میں کی گئی کارروائیوں میں مزید 4 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ اس طرح گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مجموعی طور پر 48 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جا چکا ہے۔دوسری جانب قائم مقام صدریوسف رضاگیلانی اور وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج اور سیکورٹی اداروں کے بہادر جوانوں نے جرات اور بہادری سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں امن و امان کی بحالی اور وطن عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔















