شاہد آفریدی سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے سفیر کھیل مقرر

PIC

کراچی: پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کو سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر کھیل مقرر کردیا گیا۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق اس حوالے سے سینٹرل پولیس آفس کراچی کے محمد علی شاہ آڈیٹوریم میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سمیت سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے چیئرمین ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، ایس ایس پی میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز، معروف کاروباری شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران شاہد خان آفریدی کو سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر کھیل مقرر کیے جانے کی سند پیش کی گئی جبکہ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور شاہد آفریدی کے درمیان باہمی شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شاہد آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر بن کر انہوں نے پولیس کو بڑے اعزاز سے نوازا ہے، سندھ پولیس میں کھیلوں کا فروغ ہمیشہ ترجیحات میں شامل رہا ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ سندھ پولیس میں کھیلوں کے انعقاد کا خواب تھا جو بزنس کمیونٹی کے تعاون سے شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے سندھ پولیس کے ساتھ تعاون کرنے والی کاروباری برادری کا بھی شکریہ ادا کیا۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے فروغ کا مقصد نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور انہیں منشیات کے استعمال سے دور رکھنا ہے، رواں سال نومبر میں ملک بھر کی پولیس کو شامل کرکے کھیلوں کا ایک بڑا میلہ بھی منعقد کیا جائے گا۔

شاہد خان آفریدی نے سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر کھیل مقرر کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچپن میں سندھ پولیس کی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوکر کھیلنا ان کا خواب تھا، وہ کراچی میں پیدا ہوئے اور یہاں سندھ پولیس کی 3 کرکٹ ٹیمیں ہوا کرتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر مقرر ہونا ان کے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے اور وہ اس ذمہ داری پر منتظمین کے شکر گزار ہیں۔

شاہد آفریدی نے یقین دہانی کرائی کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے، کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

مزید خبریں

Scroll to Top