بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 36 دہشتگرد ہلاک

security-forces

کوئٹہ: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 36 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی تعداد 48 ہوگئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیاں مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 26 خوارجی دہشتگرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مستونگ میں کیے گئے آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں بھی دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں بھارتی اسپانسرڈ 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ سبی کے علاقے بھاگ میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں ملک میں امن و استحکام کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے جاری ہیں، گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مجموعی طور پر 48 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Scroll to Top