کراچی: سندھ اسمبلی نے صوبے کی کسی بھی قسم کی تقسیم کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
قراردا د کی منظوری کے وقت اپوزیشن کا کوئی رکن ایوان میں موجود نہیں تھا۔ سندھ اسمبلی میں تحریک التوا پر چوتھے روز مباحثے کے بعد پیپلز پارٹی کے رکن نثار کھوڑو نے ایوان میں اسپیکر اویس قادر شاہ کی اجازت کے بعد قرارداد پیش کی۔
قرارداد پیش کرنے سے پہلے وزیراعلیٰ نے تقریر کی تو اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے اراکین نے واک آؤٹ کیا جس کے بعد نثار کھوڑو نے اسپیکر سے قرارداد پیش کرنے کی اجازت طلب کی۔ نثار کھوڑو نے قرارداد پیش کی تو ایوان میں پیپلز پارٹی کے 105 اراکین موجود تھے جبکہ اپوزیشن کا ایک بھی رکن ایوان میں نہیں تھا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سندھ تاریخی دھرتی اور ناقابل تقسیم ہے، سندھ نے قیام پاکستان کی قرارداد منظور کی، سندھ کی اسمبلی نے پاکستان میں شمولیت کی قرارداد منظور کی تھی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ سندھ میں کسی قسم کی تقسیم کو ایوان رد کرتا ہے، سندھ کی موجودہ حدود میں کوئی بھی تبدیلی نہیں ہوگی، سندھ ایک ہے ہمیشہ ایک رہے گا۔
قرارداد کی منظوری پر پیپلز پارٹی کے اراکین بینچوں پر ہاتھوں میں سندھ دھرتی ماں کے بینرز ہاتھوں میں لے کر کھڑے ہوئے اور نعرے بازی بھی کی۔















