اسلام آباد: پاکستان نے نارووال کے اڈہ سراج میں ہندو مندر مسمار کیے جانے سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے دعوے مسترد کردیے۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق اڈہ سراج میں ہندو مندر کی عمارت 21 جولائی کو ہونے والی شدید بارشوں سے متاثر ہوئی تھی۔ مقامی حکام نے مندر کو پہنچنے والے بارش کے نقصان کا جائزہ لیا اور عمارت کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ مندر سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے دعوے جھوٹے اور سیاسی مقاصد پر مبنی ہیں۔ بھارت حقائق کو مسخ کرکے سستی چالوں کا سہارا لے رہا ہے، تاہم حقائق مسخ کرنے سے بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم سے توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں پر حملوں کا انتہائی خراب ریکارڈ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا ہندوتوا نظریے کو اقلیتوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیے جانے سے آگاہ ہے۔ بھارتی قیادت کو مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں پر ہونے والے مظالم کا جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔















