پیٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات 7 ستمبر کو ہوں گے

meet

اسلام آباد: حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی اور عوامی مسائل کے حوالے سے مذاکرات 7 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوں گے، جس میں عوام کو درپیش مشکلات کے حل اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور مذاکراتی ٹیم کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 7 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا، جس میں عوامی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے گا۔

لیاقت بلوچ نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم میں عنایت اللہ خان، فراست علی شاہ، ضیاء الدین انصاری، نصر اللہ رندھاوا اور نوید علی بیگ شامل ہوں گے، مذاکرات کے ذریعے عوام کو ریلیف دینے اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی، مسئلے کے حل کے لیے حکومت کی سنجیدگی اور مذاکرات کی رفتار انتہائی اہم ہوگی۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اب یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ مذاکرات کے معاملے میں کتنی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کتنے وقت میں عملی اقدامات کرتی ہے، جماعت اسلامی کے دھرنے، احتجاج اور جلسے ملک بھر میں جاری رہیں گے،جماعت اسلامی کے احتجاج کا مقصد عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا اور حکومت کو ان کے حل کے لیے اقدامات پر مجبور کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مذاکرات کے ذریعے عوام کو ریلیف دلانے کی سنجیدہ کوشش کرے گی اور حکومت کے سامنے عوامی مطالبات بھرپور انداز میں رکھے جائیں گے، مذاکرات میں پیٹرولیم لیوی سمیت عوام کو درپیش دیگر مسائل پر بھی بات چیت کی جائے گی، جبکہ جماعت اسلامی حکومت سے مطالبات پر عملی پیش رفت کی توقع رکھتی ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top