میجر جنرل فیصل نصیر نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر

Major-General-Faisal-Naseer-appointed-National-Coordinator-of-NACTA

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اہم اداروں میں تقرریوں اور تبادلوں کا اعلان کرتے ہوئے میجر جنرل فیصل نصیر کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کا نیشنل کوآرڈینیٹر تعینات کردیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کی نیکٹا میں تعیناتی سیکنڈمنٹ پر 3 سال کے لیے کی گئی ہے۔حکومت کی جانب سے مختلف اداروں میں دیگر افسران کی تعیناتیوں اور مدت ملازمت میں توسیع کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی اور سیکریٹریٹ گروپ گریڈ 21 کے محمد ریاض الدین خان کو اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا ہے۔وفاقی سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان کے کنٹریکٹ میں 4 ستمبر 2026 سے مزید ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے جبکہ وزیراعظم آفس کے جوائنٹ سیکریٹری جہانگیر مشتاق کی تعیناتی میں بھی ایک سال کی توسیع کی گئی ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق تقرری کے منتظر پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 20 کے افسر نوید احمد نثار خواجہ کی خدمات فرنٹیئر کانسٹیبلری کے سپرد کردی گئی ہیں۔پولیس سروس گریڈ 20 کے محمد کریم خان کی خدمات فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کردی گئی ہیں جبکہ پولیس سروس گریڈ 19 کے احسن سیف اللہ کی خدمات حکومت پنجاب کے سپرد کردی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تقرری کے منتظر گریڈ 20 کے افسر عمران جاوید کی بیرون ملک 14 روز کی رخصت بھی منظور کرلی گئی ہے۔وفاقی حکومت کی منظوری سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری احکامات کے تحت مختلف افسران کی تعیناتیوں اور مدت ملازمت میں توسیع کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔

میجر جنرل فیصل نصیر کی نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے تعیناتی کو دہشتگردی کے خلاف قومی سطح پر اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔ نیکٹا ملک میں انسداد دہشتگردی کی پالیسی، حکمت عملی اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top