اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے اسلام آباد، راولپنڈی، خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کے باعث مختلف شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے بھی خبردار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش مری میں 53 ملی میٹر اور اٹک میں 40 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم بدستور گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات اور صبح کے اوقات میں موسلادھار یا شدید موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، پشاور، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ بارش کے دوران کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار کے مقامی برساتی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی آسکتی ہے جبکہ نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے باعث متعلقہ علاقوں میں سفر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ صبح کے اوقات میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ دیر، سوات، شانگلہ، چترال، کوہستان، بٹگرام، بونیر، نوشہرہ، پشاور، صوابی، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، کوہاٹ اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر صبح کے اوقات میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ شام یا رات کو کرک، ہنگو، بنوں، ٹانک، شمالی وزیرستان، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور قصور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ شام اور رات کے دوران سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، نورپور تھل، لیہ، بھکر، تونسہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے۔ شام یا رات کے اوقات میں ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔















