پاکستان میں گرفتار ہونیوالےابھینندن نے بھارتی فضائیہ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی

indian-Pilot-Abhinandan

نئی دہلی: پاکستان میں 2019 کے فضائی مقابلے کے دوران گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھینندن ورتھمان نے بھارتی فضائیہ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی، جس کے بعد انہوں نے کمرشل ایوی ایشن میں کریئر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق گروپ کیپٹن ابھینندن نے بھارتی فضائیہ میں تقریباً 22 سال خدمات انجام دیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد ایک نجی ایئرلائن میں کمرشل پائلٹ کی حیثیت سے کام شروع کردیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ نجی ایئرلائن ایک نسبتاً چھوٹی فضائی کمپنی ہے، جس نے مارچ 2024 میں پروازوں کا آغاز کیا تھا اور اس وقت اس کے بیڑے میں ATR 72-600 طیارے شامل ہیں۔

ابھینندن ورتھمان 27 فروری 2019 کو اس وقت عالمی سطح پر نمایاں ہوئے جب پاکستان نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی لڑاکا طیاروں کے خلاف کارروائی کے دوران ایک بھارتی طیارہ مار گرایا اور اس کے پائلٹ، اس وقت کے ونگ کمانڈر ابھینندن کو گرفتار کرلیا۔

حکومت پاکستان نے جذبۂ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا تھا اور انہیں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔

واقعے کے بعد بھارت میں ابھینندن کو ملک کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ویر چکر سے نوازا گیا، جبکہ بعد میں انہیں ترقی دے کر گروپ کیپٹن کے عہدے پر بھی فائز کیا گیا۔ستمبر 2022 میں بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ ابھینندن کو قبل از وقت ریٹائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اب بھارتی میڈیا کی تازہ رپورٹس کے مطابق ابھینندن نے فضائیہ سے علیحدگی کے بعد کمرشل ایوی ایشن کو اپنے نئے پیشہ ورانہ سفر کے طور پر اختیار کرلیا ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top