میسی کے شاندار کیریئر کو خراج تحسین پیش کرنے کا منفرد طریقہ

messi-awards-list

بیونس آئرس: ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی کے شاندار بین الاقوامی کیریئر کو منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ان کے ملک کے لیے حاصل کردہ تمام اعداد و شمار اور بڑے اعزازات کو ایک رسید کی شکل میں مرتب کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا ہے۔

اس منفرد رسید میں میسی کے ارجنٹائن کے لیے کھیلے گئے 207 میچز اور 125 گولز کو نمایاں طور پر درج کیا گیا ہے جبکہ ان کے اہم عالمی اعزازات میں 2021 اور 2024 کا کوپا امریکا اور 2022 کا فیفا ورلڈ کپ ٹائٹل بھی شامل کیے گئے ہیں۔

رسید کے اندر لیونل میسی کے ورلڈ کپ ریکارڈز کا بھی خاص تذکرہ موجود ہے جس کے مطابق انہوں نے اپنے 6 ورلڈ کپ مقابلوں میں 21 گولز کیے 23 فتوحات حاصل کیں اور 99 گول کرنے کے شاندار مواقع پیدا کر کے فٹبال کی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

اس تخلیقی خراج تحسین میں میسی کی جانب سے توڑے گئے متعدد ریکارڈز اور دنیا بھر کے مداحوں کو متاثر کرنے والے لمحات کا بھی ذکر ہے جن میں میکسیکو کے خلاف ان کا مشہور گول اور انہیں کھیلتے ہوئے جذباتی ہونے والے لاکھوں شائقین کے جذبات کو بھرپور طریقے سے خراج پیش کیا گیا ہے۔

رسید کی آخری لائن میں انتہائی دلچسپ انداز میں یہ درج کیا گیا ہے کہ اب فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی یعنی گوٹ کے حوالے سے جاری بحث مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے کیونکہ میسی کی کارکردگی اور اعزازات نے تمام سوالات کے جواب خود ہی واضح کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ لیونل میسی کا طویل عرصے سے پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ موازنہ کیا جاتا رہا ہے تاہم بین الاقوامی سطح پر حاصل کردہ ٹرافیز اور مقابلوں میں مجموعی کارکردگی کے بعد یہ رسید مداحوں کے لیے ایک اہم دستاویز بن گئی ہے جو میسی کی برتری کو ثابت کرنے کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top