کراچی (اسٹاف رپورٹر) ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے یومِ حجاب کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حجاب محض ایک لباس یا ظاہری علامت نہیں بلکہ عورت کی عزت، وقار، تحفظ اور اسلامی شناخت کا مظہر ہے۔ اسلام نے عورت کو معاشرے میں باعزت مقام عطا کیا اور حجاب کے ذریعے اس کی شخصیت کو احترام اور تحفظ فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو آزادی کے نام پر ایسے معاشرتی رویوں اور طرزِ زندگی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جہاں عورت کی شخصیت، صلاحیت اور کردار کے بجائے اس کے ظاہری حسن کو اہمیت دی جاتی ہے۔ حجاب اس سوچ کے خلاف ایک باوقار اعلان ہے کہ عورت کو محض نمائش کی چیز نہیں بلکہ ایک مکمل، باصلاحیت اور باوقار انسان کی حیثیت سے دیکھا جائے۔رخشندہ منیب نے کہا کہ قرآن کریم نے حجاب اور پاکیزگی کے احکامات کے ذریعے صرف خواتین ہی کو نہیں بلکہ پورے معاشرے کو نگاہوں کی حفاظت، پاکیزگی، حیا اور باہمی احترام کا درس دیا ہے۔ اس لیے حجاب کو صرف خواتین کا مسئلہ سمجھنا درست نہیں، بلکہ ایک پاکیزہ اور محفوظ معاشرے کی تشکیل میں مرد و خواتین دونوں کی ذمے داریاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حجاب عورت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ اس کے وقار اور خود اعتمادی کی حفاظت کا ذریعہ ہے۔ ایک باحیا عورت تعلیم، ملازمت، سیاست، سماجی خدمت اور زندگی کے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکتی ہے، جبکہ اس کی دینی اقدار اور حیا بھی محفوظ رہ سکتی ہے۔ناظمہ صوبہ نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا، اشتہارات اور مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے بے حیائی اور جسمانی نمائش کو معمول بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے اثرات بالخصوص نوجوان نسل پر مرتب ہو رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین، تعلیمی ادارے، میڈیا اور معاشرہ مل کر نئی نسل میں حیا، اخلاق، خودداری اور اسلامی تہذیب کی اقدار کو فروغ دیں۔















