اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) یومِ دفاع کے موقع پر ممکنہ سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے اہم اداروں کو 5 سے 7 ستمبر تک خصوصی سائبر سکیورٹی کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کردی۔نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے سیکٹورل اور صوبائی سرٹس سمیت اہم انفارمیشن انفراسٹرکچر اداروں کو ممکنہ سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔نیشنل سکیورٹی آپریشنز سینٹر یومِ دفاع کے دوران قومی سائبر رابطہ مرکز کے طور پر کام کرے گا، این ایس او سی 24 گھنٹے سائبر صورتحال کی نگرانی اور اہم معلومات کے تبادلے کے لیے فعال رہے گا۔این ایس او سی قومی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو متاثر کرنے والے اہم سائبر واقعات پر مربوط ردعمل میں معاونت کرے گا۔نیشنل سرٹ نے اہم نیٹ ورکس، سسٹمز، ویب سائٹس اور ڈیجیٹل سروسز کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کردی، اہم سائبر واقعات، مشتبہ سرگرمیوں اور ممکنہ سکیورٹی خلاف ورزیوں کی فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔اداروں کو سائبر تھریٹ انٹیلی جنس کے تبادلے اور مشترکہ ردعمل کے لیے این ایس او سی سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، تمام اداروں کو 5 سے 7 ستمبر تک سائبر سکیورٹی فوکل پرسنز اور تکنیکی ٹیموں کی دستیابی یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔تکنیکی ٹیموں کو سائبر واقعے کی صورت میں فوری رابطے، معاملے کو اعلیٰ سطح پر منتقل کرنے اور ردعمل کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔















