کامیاب ملک گیر ہڑتال عوامی بیداری کا ثبوت ہے‘ رخشندہ منیب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے جماعت اسلامی کی اپیل پر مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ظالمانہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی کامیابی پر قوم اور جماعت اسلامی کے کارکنان کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تاجروں، دکانداروں، ٹرانسپورٹرز، مزدوروں اور عام شہریوں کی بھرپور شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام موجودہ حکومتی معاشی پالیسیوں اور مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی سے شدید تنگ آچکے ہیں۔ پیٹرولیم لیوی اور بالواسطہ ٹیکسوں کے بوجھ نے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے جبکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے مسلسل ان پر نئے مالی بوجھ عاید کر رہی ہے۔رخشندہ منیب نے کہا کہ کامیاب ملک گیر ہڑتال اس بات کا واضح پیغام ہے کہ عوام اپنے بنیادی حقوق اور معاشی انصاف کے لیے متحد ہو رہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو اپنی ترجیح بنایا ہے اور مہنگائی، بے روزگاری اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف ہر سطح پر عوام کی آواز بن کر جدوجہد کی ہے۔انہوں نے ملک بھر کے تاجروں، شہریوں، کارکنان اور بالخصوص خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی یہ یکجہتی اور بیداری تبدیلی کی جانب اہم قدم ہے۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ بھی اس عوامی جدوجہد میں بھرپور شریک ہے اور عوام کو مہنگائی کے اس ظالمانہ نظام سے نجات دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ناظمہ صوبہ نے کہا کہ حکمرانوں کو عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے پٹرولیم لیوی اور دیگر ظالمانہ ٹیکسوں میں فوری کمی کرنی چاہیے اور ایسی معاشی پالیسیاں اختیار کرنی چاہئیں جن سے عام شہری کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد محض وقتی احتجاج نہیں بلکہ ملک میں ایک ایسے منصفانہ نظام کے قیام کی جدوجہد ہے جہاں وسائل پر چند طبقات کی اجارہ داری کے بجائے عام آدمی کو اس کے حقوق حاصل ہوں اور پاکستان حقیقی معنوں میں ایک فلاحی اسلامی ریاست بن سکے۔

مزید خبریں

Scroll to Top