الیکٹرانکس اسٹور میں روبوٹ کو دھکا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Robort-fight

کراچی: روس کے ایک الیکٹرانکس اسٹور میں انسان نما روبوٹ اور ایک گاہک کے درمیان پیش آنے والے عجیب و غریب واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

وائرل ویڈیو میں سفید شرٹ پہنے ایک شخص کو اسٹور میں موجود ہیومینائیڈ روبوٹ کے قریب جاتے اور اسے دھکا دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ دھکا لگنے کے چند لمحوں بعد روبوٹ اچانک اپنی ٹانگ مذکورہ شخص کی جانب بڑھاتا ہے، جس سے بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے روبوٹ نے اسے لات مارنے کی کوشش کی ہو۔

ویڈیو شیئر کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ واقعے کے بعد روبوٹ کی حرکات پر قابو پانے میں دشواری پیش آئی، جس کے باعث اسے بند کر دیا گیا۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ اور مزاحیہ تبصروں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ کئی صارفین نے روبوٹ کے اچانک ردعمل کو سائنس فکشن فلم ’دی ٹرمینیٹر‘ سے بھی تشبیہ دی۔

ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ لوگ سمجھتے تھے مصنوعی ذہانت ان کے صبر کا امتحان لے رہی ہے، لیکن اب معلوم ہوا کہ شاید انسان ہی مصنوعی ذہانت کے صبر کو آزما رہے ہیں۔

  وائرل ویڈیو اور اس کے ساتھ کیے جانے والے دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ یہ بھی واضح نہیں کہ روبوٹ کی ٹانگ کی حرکت واقعی گاہک کے دھکے کے نتیجے میں ہونے والا خودکار ردعمل تھی یا اس کے پیچھے کوئی تکنیکی یا دیگر وجہ کارفرما تھی۔

اس لیے روبوٹ کے گاہک کو لات مارنے کی کوشش کرنے یا واقعے کے بعد اسے بند کیے جانے سے متعلق دعوؤں کو حتمی طور پر درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔

مزید خبریں

Scroll to Top