وینس: ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور آسکر ایوارڈ یافتہ جارج کلونی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اس وقت ایک افسوسناک دور سے گزر رہا ہے۔
وینس فلم فیسٹیول کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جارج کلونی نے امریکی سیاست اور موجودہ حکومتی صورتحال سے متعلق سوال پر کہا کہ ملک اس وقت ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو حکومت چلانے کے لیے سب سے کم اہل ہیں۔
جارج کلونی نے اس موقع پر ’کاکسٹو کریسی‘ (Kakistocracy) کی اصطلاح استعمال کی، جس سے مراد ایسی حکومت ہے جو معاشرے کے سب سے کم اہل یا بدترین افراد کے ہاتھوں چلائی جائے،اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں امریکا اس وقت اسی صورتحال سے دوچار ہے اور موجودہ دور ملک کے لیے افسوسناک ہے۔
جارج کلونی وینس فلم فیسٹیول میں اپنی طویل فلمی خدمات کے اعتراف میں گولڈن لائن فار لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرنے کے لیے موجود تھے۔
واضح رہے کہ جارج کلونی اس سے قبل بھی امریکی سیاست اور ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔















