جسے تکلیف ہے مجھ پر تنقید کرے، کرکٹ کو ہدف نہ بنائے، محسن نقوی

Mohsin-Naqvi

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جسے ان سے کوئی شکایت ہے وہ ان پر تنقید کرے، لیکن پاکستان کرکٹ کو ہدف نہ بنایا جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ بعض ایسے کھلاڑی بھی کرکٹ کے خاتمے کی بات کر رہے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی میں خود کچھ نہیں کیا۔ ان کے بقول ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی کارکردگی خراب ہے، اس کے پیچھے صرف پرفارمنس ہی نہیں بلکہ دیگر عوامل بھی ہیں جنہیں وہ فی الحال بیان نہیں کرسکتے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے، وہ کھلاڑیوں کی تذلیل برداشت نہیں کریں گے جبکہ سلیکشن کے معاملے میں غلطی ہوسکتی ہے اور اس پر سلیکٹرز بھی جوابدہ ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کو آئرلینڈ جبکہ جنوبی افریقا کو نمیبیا سے شکست ہوچکی ہے، تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ بھارت اور جنوبی افریقا کی کرکٹ بھی ختم ہوگئی؟چیئرمین پی سی بی نے کرکٹ سے متعلق اپنے مؤقف کو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے دو میچوں میں شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top