ترکیہ کے شہر استنبول کے قریب بحیرۂ مرمرہ میں دو بحری جہازوں کے تصادم کے نتیجے میں اسٹیل کے رولز سے لدا کارگو جہاز ڈوب گیا، جبکہ جہاز کے کپتان سمیت عملے کے 10 افراد لاپتا ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کی وزارتِ ٹرانسپورٹ عبدالقادر اورال اوغلو نے بتایا کہ حادثہ استنبول کے مغربی ضلع سیلیوری سے تقریباً 18 بحری میل کے فاصلے پر پیش آیا، جہاں خالی آئل ٹینکر ALSU اور کارگو جہاز Tugberk Imamoglu کے درمیان علی الصبح تصادم ہوا۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ترکیہ کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ تصادم کے بعد کارگو جہاز تیزی سے پانی میں ڈوبنے لگا اور چند ہی منٹ میں مکمل طور پر سمندر برد ہوگیا۔ حادثے کا وقت تقریباً صبح 3 بج کر 15 منٹ تھا، جبکہ ہنگامی اطلاع 3 بج کر 26 منٹ پر موصول ہوئی، یوں کارگو جہاز تقریباً 11 منٹ کے اندر ڈوب گیا۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ کے مطابق حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور جائے حادثہ پر موجود ریسکیو ٹیموں کو لائف بوائز اور ایک لائف بوٹ بھی دکھائی دی، تاہم لائف بوٹ خالی تھی اور اس میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے کارگو جہاز پر کپتان سمیت عملے کے 10 ارکان سوار تھے اور تمام افراد ترک شہری تھے۔ تصادم کے بعد سے ان تمام افراد سے رابطہ منقطع ہے اور ان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حادثے کے بعد متعلقہ اداروں نے سمندری علاقے میں تلاش کا دائرہ وسیع کردیا ہے جبکہ امدادی ٹیمیں لاپتا افراد کو تلاش کرنے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کررہی ہیں۔ حکام کے مطابق تاحال کسی لاپتا شخص کو زندہ تلاش نہیں کیا جاسکا۔
بحیرۂ مرمرہ میں پیش آنے والے اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں، جبکہ دونوں بحری جہازوں کے درمیان تصادم کے حالات اور حادثے سے قبل ان کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔















