کینیڈا میں ایک تربیت یافتہ کتے نے بیس بال میچ کے دوران غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 افراد کی پیٹھوں سے مسلسل چھلانگیں لگا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ منفرد کارنامہ صوبہ البرٹا میں ایڈمنٹن ریور ہاکس کے ایک میچ کے دوران پیش آیا، جہاں چار سالہ آسٹریلین شیفرڈ ’شارڈونے‘ نے میدان میں قطار بنا کر کھڑے 56 شائقین کو ایک ایک کرکے پھلانگتے ہوئے مقررہ ریکارڈ مکمل کیا۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق شارڈونے کی ملکیت کتے کی تربیت کار جینیفر فریزر کے پاس ہے، جنہوں نے اپنے کتے کو اس غیر معمولی چیلنج کے لیے تیار کیا تھا۔ میچ کے دوران 56 شائقین کو میدان کے بیرونی حصے میں ایک سیدھی قطار میں کھڑا کیا گیا، جس کے بعد شارڈونے نے بغیر رکے ایک شخص سے دوسرے شخص کی پیٹھ پر چھلانگ لگاتے ہوئے یہ مرحلہ مکمل کیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ کے مقررہ اصولوں کے مطابق اس کارنامے کو مکمل کرنے کے لیے شارڈونے کے پاس زیادہ سے زیادہ 1 منٹ کا وقت تھا، تاہم کتے نے اپنی برق رفتاری اور تربیت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے یہ فاصلہ صرف 16 سیکنڈ میں طے کرلیا۔
شارڈونے کی جانب سے ریکارڈ مکمل کیے جانے پر میچ میں موجود شائقین نے بھی بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا، جبکہ اس غیر معمولی منظر نے بیس بال مقابلے کو ایک یادگار واقعے میں تبدیل کردیا۔
یہ عالمی ریکارڈ 14 جون کو ایڈمنٹن ریور ہاکس کے میچ کے دوران قائم کیا گیا، جہاں کھیل کے ساتھ ساتھ شائقین کو کتے کی حیران کن پھرتی اور تربیت دیکھنے کا موقع بھی ملا۔
کتے کی تربیت کار جینیفر فریزر کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی ان کے لیے اختتام نہیں بلکہ مزید بہتر کارکردگی کی جانب ایک قدم ہے۔ ان کے مطابق وہ مستقبل میں شارڈونے کی مدد سے موجودہ ریکارڈ کو دوبارہ توڑنے اور اس سے بھی زیادہ افراد کو ایک ہی سلسلے میں پھلانگنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
یوں شارڈونے نے نہ صرف اپنے منفرد انداز سے میدان میں موجود شائقین کو محظوظ کیا بلکہ صرف چند سیکنڈ میں 56 افراد کو پھلانگ کر اپنے نام ایک ایسا عالمی ریکارڈ بھی درج کروا لیا جو عام کھیلوں کے مقابلوں سے کہیں زیادہ دلچسپ اور حیران کن ہے۔















