بشکیک (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور کرغزستان کے درمیان 2 سال میں دوطرفہ تجارت 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کا معاہدہ طے پا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔ معاہدوں کی تقریب کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے‘ پاکستان اور کرغزستان دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے اور اس حوالے سے باہمی تعاون بڑھایا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت دینے میں معاونت کریں گے۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی پاکستان اور کرغزستان میں اتفاق رائے ہوا ہے، جبکہ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کاسا توانائی منصوبے سے متعلق معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کے لیے کاروباری قوانین اور طریقہ کار کو مزید آسان بنائیں گے۔ پاکستان اور کرغزستان باہمی تجارت کو 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں، جس کے لیے نجی شعبے کے روابط اور تجارتی مواقع میں اضافہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔















