کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مسرور سیال کی قیادت میں پارٹی کا کارواں کراچی سے سندھ کے مختلف اضلاع کے لیے روانہ ہو گیا۔ 3 ستمبر کو سندھ پنجاب بارڈر کموں شہید پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی، مرکزی سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، خیبرپختونخوا کے صوبائی وزراء اور دیگر قائدین کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ کارواں میں مرکزی جوائنٹ سیکریٹری حاجی نثار احمد آرائیں، عمران ظفر قریشی، سید زاہد شاہ، حاجی عبدالرحمٰن چھجن، رانا محمد وسیم اکرم، وقاص خان، یوسف مگسی اور مختلف ڈویڑنز کے صدور بشمول امین اللہ موسیٰ خیل اور محسن گھمن شامل ہیں۔کراچی سے روانگی کے وقت حلیم عادل شیخ نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور مرکزی قیادت عمران خان کا پیغام لے کر 3 سے 7 ستمبر تک سندھ کے پانچ روزہ دورے پر آ رہے ہیں۔ اس دوران صوبے بھر میں پرامن اسٹریٹ موبلائزیشن اور عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 3 ستمبر کو کموں شہید پر استقبال کے بعد کارواں کندھکوٹ، کشمور اور جیکب آباد جائے گا، 4 ستمبر کو شکارپور، نوابشاہ اور نوشہروفیروز پہنچے گا، جبکہ 5 ستمبر کو نوابشاہ، سانگھڑ، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں عوامی رابطہ مہم جاری رہے گی۔















