شاہ فیصل میں گھرسے زیورات چوری میںملوث ملزمہ گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہ فیصل کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان چوری کرنے والی مبینہ ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق واردات میں ملزمہ کے دیگر ساتھی بھی ملوث ہیں جن کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق 29 اگست کو شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے ایک مکان کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوکر طلائی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کیا اور فرار ہوگئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی۔ تفتیشی ٹیم نے جائے وقوع اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرکے ان کا باریک بینی سے جائزہ لیا جس کے نتیجے میں واردات میں ملوث مبینہ ملزمہ کی شناخت ممکن ہوئی۔ پولیس نے تکنیکی شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ کے قبضے سے 15 تولے سے زائد طلائی زیورات، نقدی رقم، ایک لیپ ٹاپ، متعدد موبائل فونز اور مکانات و پلاٹس کی پراپرٹی فائلیں برآمد ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق برآمد ہونے والے طلائی زیورات اور دیگر سامان کی شناخت اور مالکان سے تصدیق کا عمل جاری ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top