کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں سندھ پولیس کے شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ کی کارکردگی اور پولیس کی سرکاری املاک کی موجودہ صورت حال سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں صوبے بھر میں موجود سندھ پولیس کی تمام املاک کا جامع اور تفصیلی سروے کرایا جائے تاکہ پولیس کی ملکیتی جائدادوں کی مکمل اور مستند تفصیلات مرتب کی جاسکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ پولیس کی تمام املاک کا ریکارڈ ایک ’’سینٹرلائزڈ ڈیٹا سینٹر‘‘ میں مرتب کیا جائے۔ ڈیٹا میں ہر جائداد کے مقام، موجودہ ڈھانچے، استعمال، کرایہ داروں اور دیگر متعلقہ تفصیلات کے ساتھ ساتھ جائدادوں کی تصاویر اور وڈیوز بھی شامل کی جائیں۔ آئی جی سندھ نے پولیس املاک کی دیکھ بھال، مرمت اور حفاظت کے لیے بھی ایک جامع ایس او پی اور پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ سرکاری املاک کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ان کے مؤثر استعمال اور انتظام کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سندھ پولیس کی املاک پر موجود تمام کرایہ داروں کے ساتھ نئے سرے سے کرایہ داری معاہدے کیے جائیں گے جبکہ کرایوں کا ازسرِنو تخمینہ موجودہ مارکیٹ ریٹس کے مطابق لگایا جائے گا۔















