کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق 2 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی افراد کو امدادی اداروں کے ذریعے مختلف اسپتالوں منتقل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی ڈھائی سیکٹر 32 کے لیبر اسکوائر میں عمارت کی تیسری منزل کی چھت سے گرنے کے نتیجے میں 52 سالہ خاتون شاہدہ جاں بحق ہوگئیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاش کو اسپتال منتقل کیا۔ دوسرے واقعے میں نارتھ کراچی سیکٹر 11-B میں صدیقی مارکیٹ کے قریب کوئٹہ ثنا اللہ ہوٹل کے نزدیک 28 سالہ اجے کمار مبینہ طور پر حادثاتی طور پر اپنی ہی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ زخمی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ادھر نیپا ٹریفک پولیس چوکی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے تقریباً 45 سالہ نامعلوم راہ گیر جاں بحق ہوگیا۔ چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کو ایمبولینس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی۔ دریں اثنا سپر ہائی وے پر براق پمپ اور ڈائیوو بس اڈے کے قریب کار پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ چھیپا ذرائع کے مطابق دونوں متاثرین کو ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔بعد ازاں جاں بحق شخص کی شناخت دیدار ولد عائل خان، عمر تقریباً 50 سال، جبکہ زخمی کی شناخت دلدار ولد منٹھار، عمر تقریباً 45 سال، کے نام سے بتائی گئی۔ ابتدائی اطلاعات میں دونوں افراد کی شناخت نامعلوم بتائی گئی تھی۔علاوہ ازیں ناگن چورنگی کے قریب پی این ایس فلیٹس میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 50 سالہ خاتون حاجرہ زوجہ عبدالحکیم جاں بحق ہوگئیں۔ چھیپا ذرائع کے مطابق خاتون کو ایمبولینس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے تمام واقعات کی نوعیت اور وجوہات معلوم کرنے کے لیے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔















