کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک انٹرنیشنل بزنس فورم (PIBF) نے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (PDL) کے بوجھ کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے 3 ستمبر کو دی جانے والی ملک گیر ہڑتال کی اپیل کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کراچی سمیت ملک بھر کی تاجر و کاروباری برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس روز اپنا کاروبار مکمل اور پْرامن طور پر بند رکھے۔ پی آئی بی ایف کراچی کے صدر سہیل عزیز، جنرل سیکرٹری محمد عامر رفیع اور دیگر عہدیداران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پیٹرولیم لیوی اور مہنگے ایندھن کا مسئلہ صرف تاجروں یا صنعت کاروں کا نہیں بلکہ ہر پاکستانی کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 ستمبر کی ہڑتال دراصل عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف دلانے کی جدوجہد ہے۔ ملک بھر کے تاجروں کو چاہیے کہ وہ قومی مفاد میں متحد ہو کر اس احتجاج کو کامیاب بنائیں۔ پی آئی بی ایف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی فوری طور پر ختم کرکے پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر تک لائی جائے اور اسے کم از کم دو سال کے لیے اسی سطح پر منجمد کیا جائے۔ ایسے اقدامات سے ہی عوام کو حکومت کی سنجیدگی کا عملی اظہار نظر آئے گا۔ پاک انٹرنیشنل بزنس فورم نے ملک بھر کی مارکیٹوں، تجارتی مراکز، دکانداروں، تاجروں اور کاروباری برادری سے اپیل کی کہ 3 ستمبر کو مکمل شٹر ڈاؤن کرکے پُرامن اور منظم انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ پی آئی بی ایف کے عہدیداران نے کہا کہ اگر حکومت کو محصولات میں کمی کے باعث مالی مشکلات کا سامنا ہو تو بزنس کمیونٹی متبادل اور زیادہ منصفانہ ٹیکس نظام کے حوالے سے تجاویز اور رہنمائی دینے کے لیے تیار ہے لیکن اس کے ساتھ حکمران اور مراعات یافتہ طبقے کو بھی مثال قائم کرتے ہوئے مفت پیٹرول، مفت بجلی اور غیر ضروری سرکاری مراعات ختم کرنا ہوں گی۔















