کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ادارۂ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی کی خصوصی ہدایات پر کے ڈی اے کی قیمتی سرکاری اراضی کو غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات سے واگزار کرانے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے ڈی اے سید زین شاہ کی نگرانی میں نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اہم کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انفورسمنٹ ٹیم نے نارتھ کراچی کے سیکٹرز 5/A-1، 5/A-2، 5/A-3، 5/A-4 مدیحہ اسٹاپ کے اطراف کے ڈی اے کی سرکاری اراضی پر قائم 350 سے زائد غیر قانونی دکانوں، رہائشی مکانات اور دیگر تعمیرات کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ افراد کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔ ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ سید زین شاہ نے واضح کیا کہ متعلقہ افراد کو تین روز کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اصل ملکیتی و قانونی دستاویزات کے ہمراہ دفتر میں حاضر ہوکر اپنی اراضی اور تعمیرات کی قانونی حیثیت کی تصدیق کرائیں اور ضروری دستاویزات جمع کروائیں۔ کے ڈی اے حکام کے مطابق ابتدائی کارروائی کے دوران بیشتر قابضین کی جانب سے سرکاری اراضی پر قائم دکانوں اور دیگر تعمیرات کے حوالے سے کوئی قابلِ قبول اصل دستاویزات پیش نہیں کی گئیں۔















