اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد بار کونسل نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے 3 ستمبر کو ہونے والی ملک گیر ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل چوہدری آصف عرفان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان عوامی مفاد میں ہے، جس کی اسلام آباد بار کونسل بھرپور حمایت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی کے باعث مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور عام آدمی کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کرے۔چوہدری آصف عرفان نے کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں اور آئی پی پیز سے متعلق معاملات نے بھی عوام اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ حکومت کو آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کرنے اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل نے کہا کہ 3 ستمبر کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں، تاجر، وکلا اور دیگر طبقات کو بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ مہنگائی، بجلی کے مہنگے بلوں اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکسز کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔















