کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے کہا ہے کہ پیٹرول ظالمانہ لیوی اور آئی پی پیز کے ظلم سے تنگ عوام نے علم بغاوت بلند کر دیا ہے اور اب 3ستمبر کے ہڑتال کے بعد بدل دو نظام تحریک نئے مرحلے میں داخل ہوگی وہ آج لانڈھی 89 رضی کالونی مارکیٹ میں تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اجلاس سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی یونس بارائی، جماعت اسلامی ضلع ملیر کے امیر مفخر علی ،یو سی 6 کے چیئرمین اور تاجر رہنما محمد بشیر نوازو دیگر تاجر رہنماؤں نے خطاب کیا ۔اس موقع پر یونس بارائی نے کہا کہ 3ستمبر کی ہڑتال انقلاب کا نقطہ آغاز ہے اور انشاء اللہ عوام کی مدد سے ہم اس ظلم کے نظام کو ختم کریں گے جس نے غریب کا چولہا بجھا دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع ملیر مفخر علی نے کہا کہ ہم اپنے قائد کی کال پر لبیک کہنے کے لیے تیار ہیں، ہم نے اس باطل نظام کو بدل کے دین اسلام کو نافذ کرنا ہے ۔دریں اثناء آج شام صدر مارکیٹ الائنس کے اجلاس میں بھی تاجر رہنما محمود حامد اور یونس بارائی نے شرکت کی اور وہاں کے تاجر رہنماؤں فہیم نوری، اشرف موٹلانی ،فہیم لالہ، محمد آصف، راشد خان، محمد نسیم اور دیگر کا ہڑتال کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ جماعت اسلامی اور اسمال ٹریڈرز کے رہنماؤں نے ملیر لیاقت مارکیٹ کے صدر محمد کاشف کی جانب سے ہڑتال کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔صرافہ مارکیٹ صدر کے رہنماؤں نے بھی کل مارکیٹ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جوڑیا بازار ٹریڈرز کے رہنماؤں نے بھی کل 3 ستمبر کو ہڑتال میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ہے ۔کراچی اسپورٹس مارکیٹ کے صدر سلیم ملک کی جانب سے بھی جمعرات 3 ستمبر کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اسمال پر نٹنگ پر یس ایسوسی ایشن کے رہنما عثمان شیخ نے 3 ستمبر کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ طارق روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر اسلم بھٹی نے کہا ہے کہ بعض حکومتی ایجنٹ بننے اور افواہیں پھیلا رہے ہیں لیکن کل تاجر ان کے تمام عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔ بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد کے صدر شریف میمن ،کنفکشنری مارکیٹ کے صدر اویس نور ،کھوڑی گارڈن کے صدر بلال میمن ،گلبہار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر جاوید قریشی نے 3ستمبر کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔















