عوام اپنے حق کے لیے متحد ہو کراٹھ کھڑے ہوں،جاوداں فہیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے امیرجماعت اسلامی پاکستان کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی بھتا ٹیکس کے خلاف 3ستمبر کی ہڑتال کے حوالے سے کہا ہے کہ 3 ستمبر کی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کا اعلان ہے۔ حکمران یاد رکھیں کہ مہنگائی، ظالمانہ پیٹرولیم لیوی اور ناجائز ٹیکسز کے ذریعے عوام کا معاشی قتل مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام اپنے حق کے لیے آواز اٹھائیں، اپنے مسائل کے حل کے لیے پُرامن مزاحمت کریں۔ حالات سے مایوس ہوکر خود کو ختم کرنا کوء متبادل راستہ نہیں، ظالم نظام کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہی اصل ہدف ہے۔ عوام اپنی طاقت کو پہچانیں اور اپنے حق کے لیے میدان میں آئیں۔جاوداں فہیم نے کہا کہ آج جماعت اسلامی صرف اپنی نہیں بلکہ ہر اس پاکستانی کی آواز بن کر کھڑی ہے جو مہنگائی، بے روزگاری، بھاری ٹیکسز اور معاشی ناانصافی سے پریشان ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی بالآخر حکمرانوں کو عوام کی آواز سننا ہوگی۔انہوں نے کراچی کے عوام بالخصوص خواتین سے اپیل کی کہ 3 ستمبر کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کو بھرپور کامیاب بنائیں، اپنے اہل خانہ کو قائل کریں کہ وہ کاروبار بند رکھیں اور پُرامن جمہوری مزاحمت کے ذریعے حکمرانوں کو واضح پیغام دیں کہ اب عوام پر مزید معاشی بوجھ ناقابلِ قبول ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top