ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک 1448 ہجری کے آغاز کی متوقع تاریخ سامنے آگئی ہے، فلکیاتی حسابات کے مطابق پہلا روزہ پیر 8 فروری 2027 کو متوقع ہے۔
بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش ہفتہ 6 فروری 2027 کو عالمی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 56 منٹ پر ہوگی۔
مرکز کے مطابق چاند کی رویت سے متعلق فلکیاتی حسابات 6 اور 7 فروری کے لیے کیے گئے ہیں جبکہ پہلے سے مرتب ہجری کیلنڈر میں رمضان المبارک کا آغاز 8 فروری کو متوقع قرار دیا گیا ہے۔
اگر متحدہ عرب امارات کا سرکاری کیلنڈر بھی فلکیاتی اندازے کے مطابق رہا تو ملک میں اسی تاریخ سے روزے شروع ہوں گے، رمضان المبارک کے آغاز کی حتمی تاریخ چاند کی رویت اور سرکاری اعلان کے بعد ہی طے ہوگی۔
فلکیاتی حسابات کے مطابق شوال کا چاند پیر 8 مارچ 2027 کو عالمی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 29 منٹ پر پیدا ہوگا۔ اس حساب سے عیدالفطر 9 یا 10 مارچ 2027 کو ہونے کا امکان ہے۔اسی طرح عیدالاضحیٰ 16 یا 17 مئی 2027 کو متوقع ہے۔
بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے واضح کیا ہے کہ یہ تاریخیں فلکیاتی حسابات پر مبنی ہیں جبکہ رمضان المبارک، عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخوں کا اعلان متحدہ عرب امارات کے متعلقہ سرکاری و مذہبی نظام کے تحت کیا جائے گا۔















