مکہ دفاعی اتحاد خطے میں امن و استحکام کا ضامن ہے: صدر اردوان

President-Erdogan.

استنبول: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پر مشتمل مکہ اتحاد خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

کرغزستان کے دورے سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ استنبول میں مکہ اتحاد کی حکمتِ عملی، سیاسی اور عسکری کمیٹی کا اجلاس اتحاد کو عملی شکل دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور سربراہانِ افواج نے شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے سمیت سیاسی و عسکری تعاون کے مختلف پہلوؤں پر فیصلے کیے گئے۔ دفاعی صنعت کے علاوہ فوجی تربیت، عسکری معیارات میں ہم آہنگی، فوجی خطرات، وسائل اور عسکری صلاحیتوں کے باہمی تبادلے جیسے امور بھی زیرِ غور آئے۔

صدر اردوان نے کہا کہ مکہ اتحاد پر کھلے عام اعتراض کرنے والے ممالک بہت کم ہیں، تاہم بعض ممالک پسِ پردہ اس کے حوالے سے تحفظات رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قائم توازن نے متعدد عناصر کے لیے اس اتحاد کو کھلے عام تنقید کا نشانہ بنانا مشکل بنا دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مکہ اتحاد کا مقصد خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینا ہے اور ترکیہ اپنے برادر ممالک کے ساتھ مل کر اس تعاون کو مزید مضبوط بناتا رہے گا۔

مزید خبریں

Scroll to Top