پیٹرول پھر مہنگا، قیمت 346 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہوگئی، عوام مہنگائی سے بلبلا اٹھے

petrol

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت بڑھ کر 346 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی بڑھا کر 372 روپے 3 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے مقررہ میکنزم کے تحت نئی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 29 پیسے اضافہ کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول 343 روپے 87 پیسے سے بڑھ کر 346 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 11 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 372 روپے 3 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔حکومت کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 3 ستمبر 2026 سے ہوگا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے کا براہ راست اثر روزمرہ سفر، ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں پر پڑتا ہے۔

عوام پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ آمدن میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باوجود اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں،پیٹرول کی قیمت میں ہر اضافہ گھر کے ماہانہ بجٹ کو مزید متاثر کرتا ہے اور عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل ہوتا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز بھی پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 80 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 343 روپے 87 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 370 روپے 92 پیسے مقرر کی گئی تھی۔

مزید خبریں

Scroll to Top