نیدرلینڈز نے 86 ٹن سونا امریکا اور کینیڈا سے برطانیہ منتقل کردیا

gold5

ایمسٹرڈیم: نیدرلینڈز کے مرکزی بینک (DNB) نے بڑھتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے پیش نظر اپنے سونے کے ذخائر میں سے 86 ٹن سونا امریکا اور کینیڈا سے برطانیہ منتقل کردیا ہے۔

ڈچ مرکزی بینک کے مطابق نیویارک اور اوٹاوا کے مقابلے میں لندن میں رکھے گئے سونے کے ذخائر کی خرید و فروخت زیادہ آسانی سے کی جاسکتی ہے۔

بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے اختتام پر نیدرلینڈز کے پاس مجموعی طور پر 612.4 ٹن سونے کے ذخائر موجود تھے، جن کی مالیت تقریباً 72.2 ارب یورو تھی۔

حالیہ منتقلی سے قبل نیدرلینڈز کے سونے کے ذخائر کا 31.3 فیصد نیویارک اور 19.7 فیصد اوٹاوا میں موجود تھا۔ منتقلی کے بعد امریکا اور کینیڈا میں موجود ذخائر کا حصہ کم ہو کر بالترتیب 18.5 فیصد رہ گیا ہے۔

دوسری جانب لندن میں موجود سونے کے ذخائر کا حصہ 18.1 فیصد سے بڑھ کر 32.1 فیصد ہوگیا ہے، جبکہ نیدرلینڈز میں موجود سونے کا حصہ 30.8 فیصد ہے۔

ڈچ مرکزی بینک کے مطابق سونے کی منتقلی جزوی طور پر خرید و فروخت اور جزوی طور پر براہ راست منتقلی کے ذریعے مکمل کی گئی۔

بینک نے بتایا کہ امریکا اور کینیڈا سے 27 ٹن سے زائد سونا ڈچ شہر زیسٹ منتقل کیا گیا، جس کے بعد اتنی ہی مقدار زیسٹ سے لندن منتقل کردی گئی۔

مرکزی بینک کے مطابق لندن میں سونے کے ذخائر کی موجودگی سے انہیں عالمی مارکیٹ میں زیادہ آسانی سے تجارت کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں

Scroll to Top