لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف کل ملک بھر میں تاریخی ہڑتال ہوگی، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا جبکہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو حکومت گراؤ تحریک شروع کی جائے گی۔
مال روڈ لاہور پر جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کی تمام مارکیٹوں کی تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کردی ہے جبکہ لاہور کے تاجروں نے بھی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور کل تمام مارکیٹیں بند رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بھی بڑے احتجاجی کیمپ لگے ہوئے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام کی حمایت میں اضافہ ہورہا ہے۔ پیٹرولیم لیوی، بجلی کے فکسڈ چارجز اور دیگر ٹیکسز سے ہر طبقہ پریشان ہے، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی کی تمام مارکیٹیں بند ہوں گی۔ جماعت اسلامی کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے احتجاج کررہی ہے۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت ایک طرف کہتی ہے کہ آئی ایم ایف کی وجہ سے پیٹرولیم لیوی ختم نہیں کی جاسکتی، دوسری جانب حکمران طبقہ ہر مرتبہ آئی ایم ایف پروگرام کو آخری پروگرام قرار دیتا ہے، لیکن ہر حکومت عوام کو آئی ایم ایف کی دلدل میں دھکیل دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قائدین عوام اور تاجروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ پشاور میں اس وقت چار مقامات پر دھرنے جاری ہیں جبکہ چترال، سکھر اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاجی کیمپ لگے ہوئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ بینکوں کا مافیا چینی، آٹا اور آئی پی پیز مافیا کے ساتھ ملا ہوا ہے، آئی پی پیز کے قرضوں کا سود بھی عوام ادا کرتے ہیں جبکہ آئی پی پیز نے عوام کے پیسوں سے حاصل ہونے والی آمدن پر بھی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کل پورے ملک میں تاریخی ہڑتال ہوگی۔ لوگ ہڑتال کررہے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے ایک طرف مذاکرات اور دوسری جانب مبینہ دباؤ کا سلسلہ شروع کررکھا ہے، ممکن ہے رات کو گرفتاریاں بھی کی جائیں، حکومت جتنا ظلم کرسکتی ہے کرلے، ہڑتال ضرور ہوگی۔ جماعت اسلامی پرامن سیاسی مزاحمت پر یقین رکھتی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے اور تاجروں پر دباؤ نہ ڈالے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ کل کی ہڑتال کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، راولپنڈی والے تیاری کریں۔















