دنیا بھرسے آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے شعور و آگہی پیدا کرنے ہر سال یوم ماحولیات منایاجاتا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی دراصل آب و ہوا میں بگاڑ کی وجہ سے ہوتی ہے۔یہ بگاڑ قدرتی نظام میں انسان کے بے جا دخل دینے سے پیدا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں کرہ ارض کو گلوبل وارمنگ جیسے بڑے خطرے کا سامنا ہے۔ گلوبل وارمنگ ناصرف زمین کے درجہ حرارت کا متواتر بڑھتے رہنا ہے بلکہ موسموں کے دورانیے کا ایک دوسرے پر اثر انداز ہونا بھی ہے ۔جیسے سردی کی شدت میں اضافہ ہونا اور سردیوں کا دیر تک رہنا،مون سون کی بارشوں کا اپنے وقت سے پہلے ہو جانا،گرمی کی شدت میں اضافہ ہو جانا جس کے باعث گلیشیئر کا پگھل کا سیلابی صورتحال پیدا کرنا انسانی زندگی کے لئے سب سے زیادہ خطرناک ہے اور جس کی وجہ سے گاؤں کے گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ جاتے ہیں اور کھیت، کھڑی فصلیں، مویشی جانور سب اس قدرتی آفت کی نظر ہو جاتے ہیں۔
گلوبل وارمنگ کی بنیادی وجوہات میں درختوں کا بے تحاشہ کٹاؤ ہے۔ فیکٹریوں سے نکلنے والا زہریلا موادہے جو فضا میں بھی شامل ہوتا ہے پانی کے ذخائر کو بھی متاثر کرتا ہے یہ بات قابل توجہ ہے کہ پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جنہیں اس گلوبل وارننگ سے شدید خطرات لاحق ہیں۔حالانکہ گلوبل وارننگ بڑھانے ہیں ان ممالک کا بڑا ہاتھ ہے جو ترقی یافتہ کہلائے جاتے ہیں جہاں ایندھن کا بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے۔ صنعتوں میں ماحول کو الودہ کرنے والی گیسز کا اخراج بھی بڑے پیمانے پر ہوتا ہے۔
جنگی ہتھیاروں کا استعمال بلکہ ممنوعہ جنگی ہتھیاروں کا استعمال بھی ان ممالک کی طرف سے عام طور کیا جاتا ہے ۔ یہاں یہ بات سمجھنے کی ہے کہ انسان جس چیز کو ترقی سمجھ کر اپناتا چلا گیا اپنا سٹیٹس اور اپنا معیار زندگی بہتر کرتا چلا گیا ۔اج اس ترقی نے انسان کی اپنی زندگی کو داؤ پر لگا دیا ہے اور بڑے خطرے سے دوچار کر دیا ہے اس کے ساتھ ساتھ قدرت کو اس پر مجبور کر دیا ہے کہ وہ اپنے اندر ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات کو ظاہر کرنا شروع کر دے جو انسان کے لیے کسی طور فائدہ مند نہیں مگر نقصان دہ ضرور ہیں ۔ لیکن ان نقصانات کو حکمت عملی مرتب کر کے کم ضرور کیا جا سکتا ہے جس میں تمام کیمیکل سے بنی ہوئی چیزوں کا محدود استعمال ۔توانائیوں کے تمام ذرائع کا تحفظ ،شجر کاری مہم اور پانی کا کم استعمال شامل ہے۔ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں بھی ان احتیاطوں کو اپنانا چاہیے اور آنے والی نسلوں میں اس شعور کو بیدار کر نے کے لئے کوشش کرنی چاہئیے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔















