مچھر کی افزائش! سنگین خطرہ

مون سون کا موسم جہاں ایک طرف خوشگوار موسم، ٹھنڈی ہوائیں، اور زرخیز زمین کا پیغام لاتا ہے، وہیں دوسری طرف یہ مختلف بیماریوں کا پیش خیمہ بھی بن جاتا ہے۔ حالیہ بارشوں کے بعد مچھر اورمکھیوں کی افزائش میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔حکومت کی جانب سے بروقت مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو ڈینگی، ملیریا اور دیگر مچھروں سے پیدا ہونے والی بیماریاں خطرناک صورت اختیار کر سکتی ہیں جونہ صرف عوام الناس کیلئے شدیدپریشانی کاسبب ہوںگی بلکہ حکومت کیلئے بھی جیلنج بن سکتی ہے۔

مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں جگہ جگہ پانی جمع ہو جاتا ہے، جو مچھروں کی افزائش کا سب سے موزوں ماحول فراہم کرتا ہے۔ نالوں کی صفائی نہ ہونا، گلیوں میں پانی کا کھڑا ہونا اور گھروں کے آس پاس موجود گملے، ٹنکیاں، اور پرانے ٹائر وغیرہ مچھر کے انڈے دینے کے مقامات بن جاتے ہیں۔دیہی علاقوں میں چونکہ نکاسی آب کا نظام کمزور ہوتا ہے، اس لیے وہاں صورتِ حال مزید تشویشناک ہو جاتی ہے۔ کھیتوں کے کناروں پر پانی کی موجودگی اور گھروں میں پینے کے پانی کی ٹنکیوں کا کھلا رہنا بھی مچھر کی افزائش میں معاون بنتا ہے۔

مچھر نہ صرف جسمانی اذیت کا سبب بنتے ہیں بلکہ یہ مختلف مہلک بیماریوں کے بھی ذمہ دار ہوتے ہیں۔ ڈینگی وائرس ایڈیس ایجپٹائی (Aedes Aegypti) مچھر کے ذریعے پھیلتا ہے جو زیادہ تر دن کے وقت کاٹتا ہے، جبکہ ملیریا انوفیلیز (Anopheles) مچھر سے پھیلتا ہے جو رات کے وقت متحرک ہوتا ہے۔

پچھلے چند برسوں کے دوران ڈینگی کی وبا کی شدت نے کئی قیمتی جانیں لے لیںجو اس بات کا ثبوت ہے کہ بروقت اقدامات نہ کیے جائیں تو صورتحال بہت بھیانک ہو سکتی ہے۔حکومت اور شہریوں کی ذمہ داری۔مچھر سے بچاؤ کے لیے صرف حکومت پر انحصار کرنا کافی نہیں۔ اس حوالے سے حکومت اور عوام دونوں کو مشترکہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

تمام شہروں اور دیہی علاقوں میں مچھر مار اسپرے مہمات کا آغاز کیا جائے۔
بارش کے بعد فوری طور پر پانی کی نکاسی کا بندوبست کیا جائے۔
عوام کو آگاہی دینے کے لیے مہمات چلائی جائیں۔
ڈینگی وارڈز اور تشخیصی مراکز قائم کیے جائیں۔

جبکہ گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔
پانی کی ٹنکیاں ڈھانپ کر رکھیں۔
پرانے ٹائر، گملے، اور دیگر اشیاء جن میں پانی کھڑا ہو سکتا ہے، انہیں صاف کریں۔
مچھر دانیوں اور ریپیلنٹس کا استعمال کریں۔

مون سون کی بارشیں قدرت کا ایک انمول تحفہ ہیں، اگر ان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا سنجیدگی سے ادراک نہ کیا جائے تو یہ نعمت ایک آفت میں بدل سکتی ہے۔ مچھر کی افزائش اور ان سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے فوری، مربوط اور سنجیدہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

اگر حکومت اور عوام مشترکہ طور پر کام کریں، تو ہم نہ صرف خود کو بلکہ آئندہ نسلوں کو بھی ان مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں

Scroll to Top