اسلام آباد: پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔
کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں،ترقیاتی منصوبوں،موجودہ سکیورٹی صورت حال اورٹروپس کی ٹریننگ و فلاح سے متعلق مختلف اُمور کا جائزہ لیا گیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
سکیورٹی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹا ف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے ہر قسم کے خطرات اور چیلنجز سے پاکستان کے قیمتی میری ٹائم انفراسٹرکچر اورقومی میری ٹائم اثاثوں کے تحفظ کے سلسلے میں پاکستان نیوی کے عزمِ صمیم کا اعادہ کیا۔
کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کوپا ک بحریہ کی فیصلہ سازی کے نہایت اہم اجلاس کی حیثیت حاصل ہے جس میں چیفس آف اسٹاف، تمام پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی دفاعی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔