پیرس:سفارت خانہ پاکستان برائے فرانس نے فرانسیسی غیرسرکاری تنظیم ”ٹوگیدر فار ہیومن ڈویلپمنٹ (ای پی ڈی ایچ) کے ساتھ مل کر پاکستانی نژاد فرانسیسی طالبعلموں اور ساتھ ساتھ دوسری قوموں کے طالبعلموں کیلئے رسمی طور پر اردو زبان سیکھنے کیلئے باقاعدہ کلاسز کا اجراء کر دیا ہے۔
جناب معین الحق سفیر پاکستان برائے فرانس نے اردو کلاسز کا باقاعدہ اجراء آج پیرس کے نواح میں ای پی ڈی ایچ کی جانب سے طلباء کے داخلے کی سالانہ گریجویشن پروگرام کے تحت سیکھنے اور صلاحیت کی بہتر تعمیر کی تقریب کے دوران کیا۔
اس تقریب میں جناب جین لویس مارسک میئر ویلیئرلا بیل، فرانسیسی حکام، فرانسیسی سول سوسائیٹی کے اراکین، پاکستانی کمیونٹی اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اردو زبان سکھانے کیلئے کلاسوں کے اجراء کا یہ ایک دیرینہ مطالبہ تھا جسے بالآخر سفارت خانہ پاکستان اور ای پی ڈی ایچ کی مشترکہ کاوشوں سے پائیہ تکمیل تک پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے محترمہ نغمانہ کیانی جو کہ پاکستانی نژاد فرانسیسی خاتون و صدر ای پی ڈی ایچ ہیں کے اس منصوبے میں بہترین کردار پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے یہ امید ظاہر کی کہ فرانس میں مقیم پاکستانی خاندانوں کے بچے ان کلاسوں سے ضرور فائدہ اٹھائیں گے۔ بعد ازاں، سفیر پاکستان نے ای پی ڈی ایچ کو اردو کی کتابوں کے سیٹس پیش کیئے اور ای پی ڈی ایچ کے اعلی کارکردگی پیش کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیئے۔