اے ایس ایف ہیڈ کورارٹرز میں اے ایس ایف کی ذیلی اور فلاحی تنظیم اے ایس ایف فاؤنڈیشن کے تحت ہاؤسنگ اسکیم کے اپارٹمنٹ کی قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی، اے ایس ایف فاؤنڈیشن اور ائرپورٹ سیکورٹی فورس کے ڈی جی میجر جنرل ظفر الحق نے کہا کہ اے ایس ایف ملک کی سب سے اہم اور حساس سرحدوں کی حفاظت کی ذمے داری ادا کررہی ہے ۔ اے ایس ایف اس وقت ملک کے 24 آپریشنل ائرپورٹس کو سیکورٹی فراہم کر رہی ہے ۔15 ہزار جوانوں اور افسران پر مشتمل عملہ کی مراعات اور تنخواہیں اچھی نہیں ہیں ، اے ایس ایف فاؤنڈیشن کا مقصد فورس کے شہدا ء اور ملازمین کی فلاح وبہبود کرنا ہے۔
اس موقع پر کنگ گروپ کے سی ای او ڈاکٹر طلحہ فاروقی کا کہنا تھا کہ اس وقت ہاؤسنگ کا شعبہ مندی کا شکار ہے مگر اے ایس ایف کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس بات کی قوی امید ہے کہ اے ایس ایف فاؤنڈیشن کے تحت جاری منصوبے وقت پر تکمیل پائیں گے۔
اے ایس ایف فاؤنڈیشن کے سی ای او غلام حبیب خواجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اے ایس ایف فاؤنڈیشن کے تحت سیکورٹی کمپنی اور 3ہاؤسنگ اسکیمیں متعارف کرائی گئی ہیں ۔ایس ایف فاؤنڈیشن کے تحت جاری ہاؤسنگ اسکیموں میں شہداءکے لواحقین کو مفت میں پلاٹ دیے جائیں گے ۔ تقریب میں بذریعہ قرعہ اندازی پلاٹ اور فلیٹس حاصل کرنے والے خوش نصیبو ں کے ناموں کا اعلان بھی ہوا۔
تقریب میں چیئرمین آباد محسن شیخانی، سابق چیئرمین آباد حسن بخشی، علی رتاڈیا، عبدالرحمٰن،اشرف حمید سمیت ملک کے معروف بلڈرز ،تاجراور سول ایوی ایشن کے عہدیداروں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔